کے آئی یو میں ماحول دوست کاروباری اقدامات کے فروغ کیلئے سنٹر فار گرین انوویشن کا افتتاح، یورپی یونین کے سفیر کی شرکت
کے آئی یو میں ماحول دوست کاروباری اقدامات کے فروغ کیلئے سنٹر فار گرین انوویشن کا افتتاح، یورپی یونین کے سفیر کی شرکت

مزید خبریں
گلگت۔ 23 ستمبر (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ”سنٹر فار گرین انوویشن” کے نام سے جدید اشتراکی جگہ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔یہ سنٹر گرین اور ماحول دوست کاروباری اقدامات کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یورپی یونین کے مالی تعاون سے ایکسلریٹ پراسپیریٹی پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں یوریپن یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلیس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق بھی موجود تھے جنہوں نے یورپی یونین کے سفیر اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب میں ایکسلریٹ پراسپیریٹی کے کنٹری ڈائریکٹر، آغا خان فاؤنڈیشن (اے کے ایچ ایف) کے نمائندگان اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔سنٹر فار گرین انوویشن دراصل ایک مشترکہ کوورکنگ اسپیس کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان میں گرین بزنس اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
اس سنٹر کے تحت تین اہم شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی جن میں توانائی کی پیداوار اور ترسیل، گرین تعمیراتی طریقہ کار اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت و اسمارٹ فارمنگ شامل ہیں۔ یہ اقدام خطے میں نوجوانوں اور کاروباری افراد کو ماحول دوست کاروبار کے قیام میں معاونت اور انہیں جدید سہولیات کے ساتھ ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ جامعہ قراقرم خطے میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے فروغ کے ساتھ ساتھ سکلز ڈویلپمنٹ کے میدان میں بھی بہترین کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین جامعہ قراقرم کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان میں سکلز ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گی تاکہ خطے کے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے جامعہ قراقرم آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے خطے میں پائیدار ترقی کی راہ ہموار کریں گے۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر جامعہ قراقرم پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق نے جامعہ میں جاری تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ یونیورسٹی سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ طلبہ کو عملی میدان میں بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے سنٹر فار گرین انوویشن کے قیام کو خطے کی معیشت اور ماحولیاتی پائیداری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔تقریب کے دوران دیگر شریک اداروں کے ذمہ داران نے بھی اظہار خیال کیا اور اپنے اداروں کے زیر اہتمام جاری ماحول دوست اور ترقیاتی اقدامات سے شرکاء کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔







