ایسیکس کاؤنٹی کے کرکٹر روبن داس پر عصمت دری کے 2 الزامات کے تحت فردِ جرم عائد

ایسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کے 24 سالہ ٹاپ آرڈر بیٹر روبن داس پر عصمت دری (ریپ)کے 2 الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مارچ 2024 میں برکسٹن میں ایک خاتون پر مبینہ حملے اور عصمت دری کی رپورٹ کے بعد اگست 2025 میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد 23 جولائی 2026 کو ان پر باقاعدہ چارجز عائد کیے گئے۔

لندن۔24ستمبر (اے پی پی):ایسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کے 24 سالہ ٹاپ آرڈر بیٹر روبن داس پر عصمت دری (ریپ)کے 2 الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق مارچ 2024 میں برکسٹن میں ایک خاتون پر مبینہ حملے اور عصمت دری کی رپورٹ کے بعد اگست 2025 میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد 23 جولائی 2026 کو ان پر باقاعدہ چارجز عائد کیے گئے۔

روبن داس 9 اکتوبر کو انر لنڈن کراؤن کورٹ میں پیش ہوں گے، جبکہ متاثرہ خاتون کو ماہر افسران کی دیکھ بھال اور تعاون حاصل ہے۔الزامات عائد ہونے کے بعد ایسیکس کاؤنٹی نے روبن داس کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ روبن داس نے رواں سیزن کا اپنا آخری میچ 21 جولائی کو مڈل سیکس کے خلاف کھیلا تھا۔ اپنے کیریئر میں ایسیکس کی جانب سے 60 میچز جن میں 9 فرسٹ کلاس، 29 ون ڈے اور 24 ٹی 20 میچز شامل ہیں، کھیلنے والے روبن داس بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں ڈھاکہ ڈومینیٹرز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

کاؤنٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہونے کی وجہ سے وہ فی الوقت مزید تبصرہ کرنے سے قاصر ہیں، تاہم کلب قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔قانونی کارروائی جاری ہونے کے باعث الزامات کی بنیاد پر روبن داس کے خلاف کسی حتمی نتیجے کا اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا۔