وزیر جنگلات ووائلڈ لائف کی زیر صدارت اجلاس

وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرکرنل (ر) وقار احمد نور نے مرکزی دفتر جنگلات میں محکمہ جنگلات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی

مظفر آباد۔ 24 ستمبر (اے پی پی):وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرکرنل (ر) وقار احمد نور نے مرکزی دفتر جنگلات میں محکمہ جنگلات کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر مہتمم جنگلات مرکزی دفتر اویس جاوید نے محکمانہ امور کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیر جنگلات کرنل(ر) وقار احمد نور نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ جنگلات کو مکمل طور پر پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے تمام ملازمین اور فیلڈ سٹاف کو جدید پروفیشنل کورسز کروائے جائیں۔ محکمے کی افادیت کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ملازمین کو فاریسٹ لاء، قوانین جنگلات اور محکمے سے متعلق تمام جدید تکنیکی معلومات سے مکمل طور پر روشناس کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات ایک انتہائی اہم اور تکنیکی محکمہ ہے جس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعدادِ کار میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔ فیلڈ اور انتظامی عملے کو جدید سائنسی طریقوں پر مبنی ری فارسٹیشن فنون، شجرکاری اور جنگلات کی افزائش کے لیے خصوصی تربیت اور ریفریشر کورسز فراہم کیے جائیں۔تمام ملازمین کو فاریسٹ ایکٹ، وائلڈ لائف پروٹیکشن قوانین اور تجاوزات کے خلاف قانونی عملداری سے متعلق مکمل آگاہی دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض قانونی ضوابط کے مطابق احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ آفیسران اور عملے کو جدید میپنگ، جی آئی ایس اور جنگلات کی حفاظت کے لیے استعمال ہونے والے جدید آلات کی تربیت دی جائے۔ آزاد کشمیر میں قدرتی وسائل اور جنگلات کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ملازمین کو پیشہ ورانہ انداز میں لیس کر کے ہم نہ صرف جنگلات کی کٹائی اور ناگہانی واقعات جیسے آتشزدگی پر مؤثر قابو پا سکتے ہیں، بلکہ ریاست میں سبزے کے رقبے کو بھی تیزی سے بڑھا سکتے ہیں۔اجلاس میں ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل ڈاکٹر سردار افتخار احمد، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم اعلیٰ جنگلات ترقیات راجہ زاہد حسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، ناظم جنگلات میر نصیر احمد، چیف پلاننگ آفیسر جنگلات سید عتیق الرحمان شیرازی، ناظم جنگلات ارتضیٰ قریشی،ناظم جنگلات ارشد خان سمیت دیگر اعلٰی حکام اور محکمے کے آفیسران بھی موجود تھے۔ وزیر جنگلات نے ہدایات جاری کی کہ محکمہ کی مجموعی کارکردگی اور بہتری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اہلکاروں اور ملازمین کو تنبیہ کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل ایمانداری، دیانت داری اور تندہی سے سرانجام دیں، کیونکہ فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ محکمہ جنگلات کے تمام ملازمین کا بنیادی اور اولین فرض جنگلات کا تحفظ اور ان کے رقبے میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اورصلاحیتیں جنگلات کی نگہداشت اورشجرکاری مہمات پر مرکوز رکھیں جبکہ دیگر انتظامی امور کو ثانوی حیثیت دیں۔ شفافیت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر جنگلات نے اعلان کیا کہ محکمہ کے تمام تر ریکارڈ کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ (ڈیجیٹل) کیا جائے۔ اس اقدام سے نہ صرف انتظامی امور میں بہتری آئے گی بلکہ ریکارڈ کی دیکھ بھال اور معائنے میں شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جنگلات کے تحفظ اور محکمے کی بہتری کے لیے موثر اقدامات یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں کسی بھی سطح پر سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔