بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،100مراکز کی چیکنگ14یونٹس پر جرمانہ،13ہزار سے زائد لیٹردودھ کی جانچ کی گئی

عوام کو خالص، معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم کے تحت ملاوٹی دودھ اور ناقص ڈیری مصنوعات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں

کوئٹہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):عوام کو خالص، معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم کے تحت ملاوٹی دودھ اور ناقص ڈیری مصنوعات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کوئٹہ، حب اور لورالائی میں 100 سے زائد دودھ فروش مراکز اور ملک سپلائرز کا معائنہ کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 13,200 لیٹر دودھ اور دہی کی بڑی مقدار کا موقع پر لیبارٹری تجزیہ کیا گیا۔کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ، چشمہ اچوزئی، نواں کلی، سمنگلی روڈ، ارباب ٹائون اور CPEC روڈ پر کارروائیوں کے دوران 8 یونٹس کو جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مراکز کو بہتری کے نوٹس جاری کیے گئے۔لورالائی میں 14 دودھ کی دکانوں کی چیکنگ کے دوران 6 یونٹس کو جرمانہ کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ، سکمڈ ملک پائوڈر کے استعمال اور ناقص صفائی کے معاملات سامنے آئے۔حب میں بھی متعدد دودھ و ڈیری یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جہاں حفظانِ صحت اور دودھ و دہی کے سٹوریج کے ناقص انتظامات پر 2 یونٹس کو جرمانے کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ عوام تک خالص اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم موثر انداز میں جاری ہے اور ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔انہوں نے دودھ فروشوں اور سپلائرز پر زور دیا کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی کے تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی جی بی ایف اے نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے جبکہ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے دودھ کی موقع پر جانچ کے عمل کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے گلی محلوں میں ملاوٹی دودھ یا ناقص ڈیری مصنوعات کی تیاری و سپلائی سے متعلق شکایات فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی تک پہنچائیں تاکہ ذمہ داران کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔