پاک چائنہ فرینڈشپ گیمزکی رنگارنگ افتتاحی تقریب،صوبائی وزیر کھیل و چینی قونصل جنرل کی خصوصی شرکت
پاک چائنہ فرینڈشپ گیمزکی رنگارنگ افتتاحی تقریب،صوبائی وزیر کھیل و چینی قونصل جنرل کی خصوصی شرکت

مزید خبریں
لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز 2026 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس جمنازیم ہال لاہور میں منعقد ہوئی۔صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزیرکھیل نے پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز 2026 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری شبیر حسین چیمہ، پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران،سپورٹس سے وابستہ شخصیات،گیمزمیں حصہ لینے والے 2ہزار سے زائد کھلاڑی اور آفیشلز نے شرکت کی ۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب اور چینی قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان نے گیمز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی جبکہ صوبائی وزیر کھیل نے شریک کھلاڑیوں سے حلف لیا۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلی پنجاب کی ویژن کے تحت پاک چین کے درمیان 75 سالہ دوستی کی خوشی میں پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز کا انعقاد کیا ہے جس میں ملک بھر سے 2 ہزار سے زائدگرلز اینڈ بوائز کھلاڑی شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے،پاک چین کی دوستی نے ہر مشکل وقت میں خود کو ثابت کیا اور جب بھی پاکستان کو مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا، چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے،دونوں ممالک کی دوستی اعتماد، باہمی احترام اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ وزیرکھیل نے مزید کہاکہ یہ ہمارے لئے انتہائی خوشی کا باعث ہے کہ ملک بھر سے کھلاڑی پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز میں شرکت کے لئے لاہور پہنچے ہیں، پاک چائنہ اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستی اور تعاون کی بہترین مثال ہے،پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز میں شرکت کے لئے تقریبا 70 ہزار کھلاڑیوں نے ٹرائلز میں حصہ لیا جبکہ 2ہزار کھلاڑی شریک ہیں، ان گیمز میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں 55لاکھ روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ آج لاہور سے پوری دنیا کو یہ پیغام جارہا ہے کہ ہم کھیلوں کے ذریعے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرتے رہیں گے،سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔عوامی جمہوریہ چین کی قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز ایک شاندار اقدام ہے، یہ ایونٹ پاکستان اور چین کی دوستی کی بہترین عکاسی کرتا ہے،پاکستان اور چین نے سپورٹس، تجارت، معیشت، ثقافت، تعلیم، سکیورٹی اور دفاع سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کیا ہے،پاک چائنہ اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کے درمیان بااعتماد تعاون کی بہترین مثال ہے۔
مسٹر سن یان نے مزید کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ہے،دونوں ممالک میں کھیلوں کے شعبے میں تعاون سے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سپورٹس میں باہمی تعاون سے کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا، پاکستان اور چین کو کوچز و کھلاڑیوں کے لئے باہمی تبادلے کے تحت تربیتی پروگرامز کا انعقاد کرنا چاہیے، جس سے دونوں ممالک کے لئے مثبت اور مفید نتائج حاصل ہوں گے۔
آخرمیںصوبائی وزیر کھیل نے عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان کو سوینیئرپیش کیا جبکہ عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل نے صوبائی وزیر کھیل پنجاب کو سوینئرپیش کیا۔تقریب میں مہمان خصوصی کی جانب سے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کوبھی سوینئرز دئے گئے۔ پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز2026کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان کے تمام صوبوں کی کلچرل پرفارمنسز بھی پیش کی گئیں۔








