لیسکوکی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی، 15 لاکھ روپے کی ریکوری کی

لیسکو نے بجلی چوری کے خاتمے اور نادہندگان سے واجبات کی عدم ادائیگی پر کارروائی کے دوران موجودہ اور مستقل منقطع شدہ نادہندگان سے مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے کی ریکوری کی۔

لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):لیسکو نے بجلی چوری کے خاتمے اور نادہندگان سے واجبات کی عدم ادائیگی پر کارروائی کے دوران موجودہ اور مستقل منقطع شدہ نادہندگان سے مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے کی ریکوری کی۔

ترجمان لیسکو کے مطابق ایس ای سائوتھ محمد اشفاق اور ایکسین کاہنہ فیاض حسین کی نگرانی میں ایس ڈی او روڑا بوگن سب ڈویژن میاں شعیب کی سربراہی میں کارروائی کے دوران مختلف مقامات پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کے کیسز کی جانچ پڑتال کی گئی،جس کے نتیجے میں 11 مقدمات کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواستیں جمع کروائی گئیں جبکہ تقریباً 35 ہزار یونٹس کے ڈیٹیکشن بلز چارج کیے گئے۔

کارروائی کے دوران ایک ٹرانسفارمر بھی اتار لیا گیا اور موجودہ اور مستقل منقطع شدہ نادہندگان سے مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے کی ریکوری بھی کی گئی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔