شہر کا امن اور شہریوں کا تحفظ اولین فریضہ ہے، ڈی آئی جی آپریشنز

لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہر کا امن اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، ریاست کی رِٹ کو ہر صورت اور ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور اشتعال انگیزی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقبال ٹائون ڈویژن میں اینٹی کرائم میٹنگ کی صدارت …

لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ شہر کا امن اور شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، ریاست کی رِٹ کو ہر صورت اور ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور اشتعال انگیزی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقبال ٹائون ڈویژن میں اینٹی کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ترجمان پولیس کے مطابق اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی اقبال ٹائون، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہر کا امن تباہ کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا۔ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اقبال ٹائون ڈویژن میں اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہتر کارکردگی پر ایس ایچ او ملت پارک کو شاباش دی جبکہ ایس ایچ او ہنجروال کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔فیصل کامران نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل چوری کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ موٹر سائیکل غریب آدمی کی اہم سواری ہے۔ میٹرو سٹیشنز، بس اڈوں اور دیگر رش والے مقامات پر جیب تراشوں کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں۔

انہوں نے منشیات فروشوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون، ناجائز اسلحہ رکھنے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ نجی ملازمین، کرایہ داروں اور ہوٹل آئی کے ذریعے رجسٹریشن ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ پولیس فورس میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جس تھانے کا اہلکار کرپشن میں ملوث پایا گیا اس تھانے کا ایس ایچ او اپنی نشست پر نہیں رہے گا۔