جنگلی پرندوں کی غیرقانونی نیٹنگ،سمگلنگ،تجارت ونیل گائے کے شکار پر 17ملزم گرفتار

محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے جنگلی پرندوں کی غیرقانونی نیٹنگ،اسمگلنگ ، تجارت اور نیل گائے کے شکار پر 17ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے 6ہزار کے لگ بھگ جنگلی پرندے بازیاب کرائے ،بٹیر کے 27نیٹنگ گیئرز ضبط ،8ملزمان کو تقریبا 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا

لاہور۔25ستمبر (اے پی پی):محکمہ جنگلی حیات پنجاب نے جنگلی پرندوں کی غیرقانونی نیٹنگ،اسمگلنگ ، تجارت اور نیل گائے کے شکار پر 17ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے 6ہزار کے لگ بھگ جنگلی پرندے بازیاب کرائے ،بٹیر کے 27نیٹنگ گیئرز ضبط ،8ملزمان کو تقریبا 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ،ایک کیخلاف ایف آئی آر درج اور بقیہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرلاہور سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجر ز لاہور نے صدقہ و خیرات کی آڑ میں جنگلی پرندوں کی خریدوفروخت میں ملوث ایک ملزم گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 800ممولے برآمد اور اس کیخلاف ایف آئی آر درج کرواکر تمام جنگلی پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے۔ اسی طرح راولپنڈی شہر میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر رانا محمد اشفاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک خفیہ اطلاع پر ناکہ بندی کرکے سرگودھا سے راولپنڈی آنیوالی ایک مسافر بس کی تلاشی لیکر 5ہزا ر کے لگ بھگ جنگلی چڑیاں برآمد کرکے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کے بعد چڑیوں کے ایک خریدار کو بھی گرفتار کرکے دونوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد اور تمام چڑیاں قدرتی ماحول میں آزاد کردیں،روات کے قریب بھی فیلڈ ایریا سے کتے کے ساتھ بٹیر کا غیرقانونی شکار کرنیوالے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسے 80ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر بہاولنگر عروج ظہیر نے اطلاع پر بہاولنگر سے راولپنڈی جانیوالی مسافر بس کی تلاشی کے دوران سیٹ کے نیچے چھپائے گئے 30زندہ بٹیر برآمد کرکے کنڈکٹر کو گرفتار اور اسے 60ہزا ر روپے جرمانہ کیا جبکہ 15زندہ بٹیر برآمد کرکے آزاد کردیئے اور ملزم کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔اسی طرح تحصیل منچن آباد سے 2را طوطے ،ایک عام طوطا اور 2بٹیر کے نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی ۔علاوہ ازیں بہاولنگر میں تحصیل فورٹ عباس سے نیل گائے کے ایک شکاری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اس سے ایک رائفل ، سائلنسر ، نائٹ ویژن ، کارتوس اور ٹارچ قبضہ میں لیکر ملزم کو اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ کیا۔ ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ملتان ریجن رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز ملتان ، لودھراں اور خانیوال نے بٹیر کے 7نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے 2ملزم گرفتار کرلیے جبکہ ایک گزشتہ چالان پر 50ہزار جرمانہ کیا ۔ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور ریجن مجاہد کلیم کی سربراہی میں بہاولپور اور رحیم یار خان سے بٹیر کے 17نیٹنگ گیئرزضبط کرکے 2ملزمان گرفتار کرلیے اور ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی گئی ہے۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جھنگ سلیم سرگانہ نے ہریل کے غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے 8زندہ ہریل برآمد کرکے 25ہزار جرمانہ کیا اور پرندے آزاد کردیئے ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر راجن پور صائمہ محسن نے بٹیر کے ایک غیرقانونی ڈیلر کو گرفتار کرکے اس سے 20زندہ بٹیر برآمد اور 50ہزار روپے جرمانہ کیا۔

مزید خبریں