راولپنڈی میں ڈینگی کے 21 تصدیق شدہ کیسز، رواں سال 17 ہزار سے زائد ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی

راولپنڈی میں 21 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ضلع بھر میں 4,622 افراد کی سکریننگ کی گئی اور ڈینگی کے شبہ میں 4,270 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم کوئی ہلاکت ریکارڈ نہیں ہوئی

راولپنڈی۔25ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں 21 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ضلع بھر میں 4,622 افراد کی سکریننگ کی گئی اور ڈینگی کے شبہ میں 4,270 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم کوئی ہلاکت ریکارڈ نہیں ہوئی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی 25 ستمبر تک کی رپورٹ کے مطابق 8 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے جن میں 4 تصدیق شدہ کیسز شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈینگی ویکٹر سرویلنس کے دوران 17,859 ہاٹ سپاٹس رجسٹرڈ کیے گئے اور گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں سرویلنس کوریج 100 فیصد رہی۔رپورٹ کے مطابق مچھروں کی افزائش کی نشاندہی کے لیے 49 لاکھ 79 ہزار 297 گھروں اور 17 لاکھ 27 ہزار 703 مقامات کی جانچ کی گئی جہاں 1 لاکھ 62 ہزار 115 گھر اور 23 ہزار 527 مقامات مثبت پائے گئے جبکہ 1 لاکھ 85 ہزار 642 لاروا تلف کیے گئے۔ڈینگی ایس او پیز اور لاروا کی موجودگی پر کارروائی کے تحت 2,717 ایف آئی آرز، 678 سیلنگز اور 2,239 چالان کیے گئے جبکہ 28 لاکھ 32 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ رپورٹ میں راولپنڈی کینٹ کے بعض علاقوں سمیت متعدد مقامات پر بلند بریٹو انڈیکس بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔