وزیراعلی بلوچستان کے ہرنائی گورنمنٹ ہائی سکول کوشہید شین گل خان ترین کے نام سےمنسوب کرنے کے احکامات

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہرنائی گورنمنٹ ہائی سکول کو پاکستان پیپلز پارٹی ہرنائی کے جنرل سیکرٹری شہید شین گل خان ترین کے نام سے منسوب کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں

کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہرنائی گورنمنٹ ہائی سکول کو پاکستان پیپلز پارٹی ہرنائی کے جنرل سیکرٹری شہید شین گل خان ترین کے نام سے منسوب کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہید شین گل خان ترین کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہرنائی گورنمنٹ ہائی سکول کو ان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی خدمات اور قربانیاں نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید شین گل خان ترین کے نام سے منسوب سکول شہید کی یاد اور ان کی قربانی کی علامت ہوگا۔ شہدا نے قوم اور وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنا قومی ذمہ داری ہے اور ان کے نام سے عوامی فلاح کے اداروں کو منسوب کرنا نئی نسل کو ان کی خدمات اور قربانیوں سے روشناس کرانے کا ذریعہ بنے گا۔