پیڈل اسٹارز حذیفہ عبدالرحمن اور حذیمہ عبدالرحمن 2 سے 4 اکتوبر تک کراچی میں منعقد ہونے والے ایف آئی پی برونز پاکستان۔ 2026ون میں شرکت کے ساتھ پہلی بار ایف آئی پی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے

پیڈل اسٹارز حذیفہ عبدالرحمن اور حذیمہ عبدالرحمن 2 سے 4 اکتوبر تک کراچی میں منعقد ہونے والے ایف آئی پی برونز پاکستان۔ 2026ون میں شرکت کے ساتھ پہلی بار ایف آئی پی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے پیڈل اسٹارز حذیفہ عبدالرحمن اور حذیمہ عبدالرحمن 2 سے 4 اکتوبر تک کراچی میں منعقد ہونے والے ایف آئی پی برونز پاکستان۔ 2026ون میں شرکت کے ساتھ پہلی بار ایف آئی پی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔یہ ٹورنامنٹ پاکستان کیلئے تاریخی سنگ میل ہوگا کیونکہ یہ ملک میں منعقد ہونے والا پہلا ایف آئی پی (انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن) ایونٹ ہےجس کے ذریعے پہلی مرتبہ پاکستان میں بین الاقوامی سطح کا پیڈل مقابلہ منعقد ہوگا۔حذیفہ اور حذیمہ حال ہی میں لاہور میں منعقدہ ٹویو ناسی ماسٹر کا باوقار ٹائٹل جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کریں گے۔

دونوں بہن بھائی تھائی لینڈ میں سخت تربیتی مرحلہ مکمل کرنے کے بعد لاہور پہنچے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تھائی لینڈ میں بھرپور تربیت کے بعد لاہور کے مختلف حالات سے ہم آہنگ ہونا ابتدا میں مشکل تھا تاہم مقابلہ آگے بڑھنے کے ساتھ انہوں نے خود کو حالات کے مطابق ڈھالا اور بالآخر کامیابی حاصل کی۔مینز اے فائنل میں حذیفہ اور حذیمہ نے عبداللہ اور سالار کو 2-1 سے شکست دی۔ پہلے سیٹ میں 5-7 سے شکست کے بعد دونوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرا سیٹ 6-4 سے جیتا اور فیصلہ کن سیٹ میں 6-2 سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے زیرسرپرستی حذیفہ نے کہا کہ تھائی لینڈ میں تربیت نے انہیں اچھی طرح تیار کیا جبکہ لاہور کے مختلف حالات سے ہم آہنگ ہونے سے ان کےاعتماد میں مزید اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں ہمارا تربیتی پروگرام بہت سخت تھااس لیے لاہور واپسی پر مختلف حالات سے فوری طور پر ہم آہنگ ہونا آسان نہیں تھا تاہم ہم نے خود کو حالات کے مطابق ڈھالا، توجہ برقرار رکھی اور بتدریج اپنی ردھم حاصل کرلی۔

حذیفہ نے کہا کہ ٹویو ناسی ماسٹر جیتنے پر ہمیں بہت خوشی اور فخر ہے،تھائی لینڈ سے واپسی کے بعد ٹائٹل جیتنے سے پہلے ایف آئی پی ٹورنامنٹ کیلئے ہمارا اعتماد مزید بڑھا ہے۔انہوں نے اپنی کھیلوں کی سرگرمیوں میں تعاون پر او جی ڈی سی ایل کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا کہ وہ اس امر پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ او جی ڈی سی ایل نے ان پر اعتماد کیا اور ان کے پیڈل کیریئر میں معاونت کی۔ اسپانسرشپ ان کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ عمدہ کارکردگی کے ذریعے اس اعتماد کا جواب دیں گے۔ حذیفہ اور حذیمہ کو دی سینٹرل اور پیڈل پلینٹ کی بھی معاونت حاصل ہے۔ دی سینٹرل ایف-6 اسلام آباد میں قائم پیڈل سہولت ہے جبکہ پیڈل پلینٹ پاکستان میں قائم پیڈل برانڈ اور بین الاقوامی پیڈل آلات کاڈسٹری بیوٹر ہے جو کھلاڑیوں، کلبوں اور کوچز کو معاونت فراہم کرتا ہے۔

ایف آئی پی برونز پاکستان۔I کی مجموعی انعامی رقم 8,500 یورو ہے جو تقریباً 2.68 ملین روپے کے برابر ہے۔حذیفہ اورحذیمہ کیلئے یہ ٹورنامنٹ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ایف آئی پی سرکٹ میں شرکت کریں گے۔حذیمہ نے کہا کہ وہ اس تاریخی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے پرجوش ہیں۔ ٹویو ناسی ماسٹر کی کامیابی نے ہمیں بہت اعتماد دیا ہے تاہم اب ہماری توجہ ایف آئی پی برونز پاکستان۔I پر ہے۔ یہ ہمارا پہلا ایف آئی پی ٹورنامنٹ اور پاکستان میں ہونے والا پہلا ایف آئی پی ایونٹ بھی ہے، اس لیے یہ ہمارے لیے انتہائی خصوصی موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، بین الاقوامی کھلاڑیوں کے خلاف مضبوط مقابلہ کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور امید ہے کہ ٹورنامنٹ کا اختتام کامیابی کے ساتھ کریں گے۔