بشیداس زیرو پوائنٹ کے قریب جی بی سکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر فائرنگ، وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بشیداس زیرو پوائنٹ کے قریب جی بی سکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ واقعے کی فوری، جامع اور …

گلگت۔ 28 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بشیداس زیرو پوائنٹ کے قریب جی بی سکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ واقعے کی فوری، جامع اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تمام دستیاب وسائل، جدید تفتیشی ذرائع اور انٹیلی جنس معلومات بروئے کار لائی جائیں۔

انہوں نے واضح ہدایت کی کہ مجرمان کی گرفتاری میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے کے محرکات، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کا بھی سراغ لگایا جائے اور جو بھی عناصر اس حملے میں براہِ راست یا بالواسطہ ملوث پائے جائیں ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کمشنر دیامر، ڈپٹی کمشنر دیامر اور ڈی ایچ او دیامر کو ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں اور جی بی سکاؤٹس کے جوان کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ان کے علاج کی ذاتی نگرانی کی جائے اور ضرورت پڑنے پر انہیں فوری طور پر کسی اعلیٰ طبی مرکز منتقل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ بشیداس، شیر نالہ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز، نگرانی اور سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، تاہم انہیں قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حملہ آوروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کی خدمات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاست اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔واضح رہے کہ 27 ستمبر 2026 کو تقریباً 9:35 بجے شب شیر نالہ کے قریب KKH بشیداس زیرو پوائنٹ پر 116 ونگ جی بی سکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر پہاڑی کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو SSU پولیس اہلکار اور ایک جی بی سکاؤٹس جوان زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر بشیداس FWO ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں RHQ ہسپتال چلاس روانہ کر دیا گیا ۔