ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کینٹ ڈویژن سے انسدادِ جرائم میٹنگ

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کینٹ ڈویژن میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں امن و امان، سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی کینٹ، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کینٹ ڈویژن میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر میں امن و امان، سکیورٹی اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی کینٹ، سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ ریاست کی رِٹ ہر صورت قائم رکھی جائے اور سرکاری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کینٹ ڈویژن پولیس کو نقب زنی اور سرقہ کی وارداتوں پر قابو پانے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور کرائم کے لحاظ سے جنرل ہولڈ اپ کرنے کی ہدایت کی۔

فیصل کامران نے کہا کہ گداگری سماجی برائیوں کی جڑ ہے، پیشہ ور گداگروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اس لعنت کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ خواتین اور بچوں سے متعلق واقعات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے۔انہوں نے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر زیر التوا درخواستوں کو جلد از جلد یکسو کرنے، پتنگ بازوں اور قمار بازوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈالہ کلچر اور اسلحہ کی نمائش کسی صورت قبول نہیں، ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی کہ سیف سٹی اتھارٹیز کی جانب سے الرٹ موصول ہونے پر فوری کارروائی کی جائے جبکہ اندراجِ کرایہ داری، نجی ملازمین کی رجسٹریشن، ہوٹل آئی اور ای-گیجٹ کا استعمال لازمی یقینی بنایا جائے۔ تھانوں میں نصب کیمروں سمیت دیگر آلات کو ہر وقت ورکنگ حالت میں رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔انہوں نے واضح کیا کہ غروب آفتاب کے بعد خواتین کو تھانوں میں انکوائری کے لیے ہرگز نہ بلایا جائے۔

خواتین سائلین کی شکایات خاتون پولیس افسر کی موجودگی میں سی سی ٹی وی کیمروں کے سامنے سنی جائیں۔ رات کے اوقات میں آوارہ گھومنے والے مشکوک افراد کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔