چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور دسترس فائونڈیشن کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، اساتذہ کے لیے تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا

بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور دسترس فائونڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ترجمان بیورو کےمطابق چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد (تمغہ امتیاز) اور چیئرپرسن دسترس فائونڈیشن شائزا شاہد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز …

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب اور دسترس فائونڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ترجمان بیورو کےمطابق چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد (تمغہ امتیاز) اور چیئرپرسن دسترس فائونڈیشن شائزا شاہد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اس موقع پر چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق ہر بچے کو تحفظ، عزت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے مساوی مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے موثر حفاظتی اقدامات، عوامی آگاہی اور مختلف اداروں کے درمیان باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی، کمیونٹی آئوٹ ریچ، مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں بچوں کے لیے سہ ماہی بنیاد پر چائلڈ پروٹیکشن اور چائلڈ رائٹس آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے جن میں بچوں کے حقوق، ذاتی حفاظت، گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ، مثبت رویوں، آن لائن تحفظ اور تشدد و استحصال سے بچا ئوجیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔

معاہدے کے مطابق دسترس فائونڈیشن متعلقہ مدارس اور کمیونٹی تعلیمی اداروں میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے معاونت فراہم کرے گی، اس کے علاوہ والدین، اساتذہ، نگہداشت کنندگان، مذہبی و کمیونٹی رہنمائوں کے لیے بھی مشترکہ آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے معاشرتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے اساتذہ کے لیے سہ ماہی تربیتی سیشنز کا بھی اہتمام کیا جائے گا جن میں کلاس روم مینجمنٹ، مثبت نظم و ضبط، بچہ دوست تدریسی طریقوں، بچوں سے موثر رابطے اور تحفظ سے متعلق خدشات کی بروقت نشاندہی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف کسی ناخوشگوار واقعے کے بعد ردِعمل دینا کافی نہیں بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔

بچوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد کی تربیت موثر چائلڈ پروٹیکشن نظام کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کا پیغام معاشرے کے ہر طبقے بالخصوص والدین، اساتذہ، مذہبی اور کمیونٹی رہنمائوں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیمی اداروں اور مدارس میں آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کو ان کے حقوق اور ذاتی تحفظ سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔ سارہ احمد نے واضح کیا کہ تمام مشترکہ سرگرمیوں میں بچوں کی حفاظت، عزتِ نفس، رازداری اور بہترین مفاد کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی ذاتی معلومات، تصاویر اور ویڈیوز کے استعمال میں متعلقہ قانونی تقاضوں، اجازت اور رضامندی کو یقینی بنایا جائے گا، بچوں کے تحفظ سے متعلق کسی بھی تشویش کی نشاندہی پر متعلقہ حفاظتی طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

چیئرپرسن نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور دسترس فائونڈیشن کے درمیان یہ اشتراک وزیراعلی ٰ کے بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے وژن کے مطابق کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے لیے محفوظ، معاون اور بچہ دوست ماحول کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے حصول کے لیے سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔