ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی احمد ارشد محمود نے تھانہ دھمیال میں قتل کیس میں نامزد ملزمان ماں اوراس کے بیٹے پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا
قتل کیس،نامزد ملزمان ماں اوربیٹے پر فرد جرم عائد
راولپنڈی۔28ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی احمد ارشد محمود نے تھانہ دھمیال میں قتل کیس میں نامزد ملزمان ماں اوراس کے بیٹے پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہان کو طلب کرلیا۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔گزشتہ روز ملزمان شمائلہ بی بی اور اس کے بیٹے علی حسن کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر بدچلنی کے الزام پر اپنی سگی بہن سائرہ بی بی کو ڈنڈے کے وار کرنے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ جسمانی ریمانڈ ملزم نےاپنے جرم کا اعتراف کیا اور اس کی نشاندہی پر مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والا ڈنڈا بھی برآمد کیا گیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے باقاعدہ ٹرائل کیلئے استغاثہ کے گواہان کو نوٹس جاری کردیئے۔ تھانہ دھمیال پولیس نے مقتولہ کے بھائی ذیشان کی مدعیت میں گزشتہ سال 8 ستمبر کو نامعلوم ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 34 اور 311 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔









