وزیراعلیٰ کے پی کا ملاگوری کے ایس ایچ او کے قتل کی تحقیقات کا حکم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر کے واقعہ کی سات روزہ انکوائری کا حکم دیا ہے جس میں ملاگوری تھانے کے ایس ایچ او ریاض حسین آفریدی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے

پشاور۔ 28 ستمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر کے واقعہ کی سات روزہ انکوائری کا حکم دیا ہے جس میں ملاگوری تھانے کے ایس ایچ او ریاض حسین آفریدی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری مراسلے کے مطابق، وزیراعلیٰ نے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور خیبرپختونخوا پولیس ایکٹ 2017 کے سیکشن 9(2) کے تحت انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کو جامع انکوائری کرنے کی ہدایت کی۔ مراسلے میں خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ ڈی پی او خیبر کو ان کے دفتر سے ہٹا کر انکوائری مکمل ہونے تک پولیس ہیڈ کوارٹر سے منسلک کیا جائے۔

انکوائری کو سات دن میں مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے، آئی جی پی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو جامع رپورٹ پیش کریں۔ رپورٹ میں واقعے کے ارد گرد کے حالات کا جائزہ لیا جائے گا، قانون کے مطابق ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے مناسب کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔ یاد رہے واقعہ گزشتہ روز ضلع خیبر کے علاقے ملاگوری میں پیش آیا جہاں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی زد میں آکر ایس ایچ او ریاض حسین آفریدی شہید ہوگئےتھے۔