یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور اورنج لائن میٹرو ریل ٹرانزٹ سسٹم کے باہمی تعاون سے پاکستان میں تعلیمی و صنعتی شعبے کے اشتراک کو مستحکم کرنے کے لیے اورنج لائن میٹرو ریل ڈپو میں یو ای ٹی پروفیسر اسٹوڈیو کا افتتاح کر دیا گیا
یو ای ٹی لاہور اور اورنج لائن میٹرو ریل کا مشترکہ اقدام، یو ای ٹی پروفیسر اسٹوڈیو کا افتتاح

مزید خبریں
لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور اورنج لائن میٹرو ریل ٹرانزٹ سسٹم کے باہمی تعاون سے پاکستان میں تعلیمی و صنعتی شعبے کے اشتراک کو مستحکم کرنے کے لیے اورنج لائن میٹرو ریل ڈپو میں یو ای ٹی پروفیسر اسٹوڈیو کا افتتاح کر دیا گیا۔ اسٹوڈیو کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کیا۔یہ منصوبہ پاکستان اربن ریل ٹرانزٹ ریسرچ اینڈ انوویشن کوآپریشن پراجیکٹ کے تحت اور یو ای ٹی لاہور کے درمیان طے ہوا۔ وائس چانسلر کی قیادت میں یو ای ٹی کے وفد نے اورنج لائن میٹرو ریل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر تان زی ڈونگ سے ملاقات کی۔ افتتاحی تقریب کا انعقاد آپریشنز کنٹرول سینٹر میں ہوا جہاں وفد کو یو ای ٹی پروفیسر اسٹوڈیو کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اسٹوڈیو کے قیام کا مقصد یو ای ٹی کے طلبہ، محققین اور فیکلٹی ممبران کو شہری ریل ٹرانزٹ کے حقیقی اور عملی ماحول سے روشناس کرانا اور اورنج لائن کے انجینئرز، چینی ماہرین اور تکنیکی معاونین کے ساتھ تحقیق، جدت اور آپریشنل چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کام کے مواقع فراہم کرنا ہے۔بعد ازاں وائس چانسلر نے وفد کے ہمراہ آپریشنز کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں اورنج لائن میٹرو ریل کے آپریشنل مانیٹرنگ اور کنٹرول سسٹمز کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ وفد نے ٹرین سمیولیٹر اور ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں مسٹر تان زی ڈونگ اور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے مشترکہ طور پر یادگاری تختی کی نقاب کشائی کرکے یو ای ٹی پروفیسر اسٹوڈیو کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر مہمانوں نے ٹرین سمیولیٹر، تربیتی سہولیات اور یو ای ٹی پروفیسر اسٹوڈیو کے لیے مختص کلاس روم کا بھی دورہ کیا، جہاں مستقبل میں تدریسی، تحقیقی، تربیتی اور علمی تبادلے کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔








