گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ معلومات تک رسائی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے
مستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے،گورنرسندھ

مزید خبریں
کراچی۔ 28 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ معلومات تک رسائی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مستند اور بروقت معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ معلومات تک آسان اور مساوی رسائی شفاف اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور میں درست معلومات تک رسائی کے ساتھ معلومات کی صحت، ساکھ اور صداقت کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور گمراہ کن معلومات کے پھیلا ئوکی روک تھام کے لیے عوام میں میڈیا اور معلوماتی شعور اجاگر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی جانب سے عوام کو درست، بروقت اور قابلِ اعتماد معلومات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ مستند معلومات عوام کو باخبر فیصلے کرنے اور معاشرے میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور معیاری صحافت عوام تک مستند معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معلومات تک عالمی رسائی شفافیت، احتساب، آزادیِ اظہار اور پائیدار ترقی کے فروغ کی بنیاد ہے۔








