چین کے صدر شی جن پنگ نے پرامن چین انیشی ایٹو کو مزید بلند سطح تک آگے بڑھانے اور چینی طرز جدیدیت کی مستحکم اور مسلسل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے
چین دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں شامل ہو چکا ہے، شی جن پنگ

مزید خبریں
بیجنگ۔28ستمبر (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پنگ نے پرامن چین انیشی ایٹو کو مزید بلند سطح تک آگے بڑھانے اور چینی طرز جدیدیت کی مستحکم اور مسلسل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پی سی کی 18ویں قومی کانگریس کے بعد سے پرامن چین کی تعمیر میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، عوام کے اطمینان اور خوشحالی جبکہ معاشرے میں امن و امان اور نظم و ضبط کی بہتر صورتحال مزید مستحکم ہوئی ہے اور چین دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے زور دیا کہ نئے سفر میں چینی خصوصیات کے حامل سوشلزم کے نظریے کی رہنمائی میں مجموعی قومی سلامتی کے تصور پر ثابت قدمی سے عمل کیا جائے، سی پی سی کی ہمہ گیر قیادت کو برقرار رکھتے ہوئے اسے مضبوط بنایا جائے، ترقی اور سلامتی میں ہم آہنگی قائم کی جائے، جرائم کی روک تھام اور سزا کے ساتھ ساتھ بنیادی اسباب کے تدارک پر توجہ دی جائے، قانون کی حکمرانی کو مضبوط سہارا بنایا جائے اور ٹیکنالوجی کی معاونت حاصل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے نظام اور صلاحیتوں کی تعمیر کو مضبوط بنایا جائے، عوامی تحفظ کی حکمرانی کی سطح بہتر کی جائے، سماجی طرز حکمرانی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور مختلف نوعیت کے خطرات کی روک تھام اور ان کے تدارک کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ چین کو مزید محفوظ، معاشرے کو مزید منظم، طرز حکمرانی کو مزید مؤثر اور عوام کو مزید مطمئن بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جائیں تاکہ اعلیٰ سطح کے پرامن چین کی تعمیر کے ذریعے چینی طرز جدیدیت کے سفر کو مستحکم اور دور رس انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔








