محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے چارسدہ اور پشاور میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 1005 گرام آئس اور 7174 عدد (4623 گرام) نشہ آور گولیاں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا
ایکسائز پولیس کی چارسدہ وپشاورمیں کارروائیاں، دو ملزمان گرفتار،منشیات برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 28 ستمبر (اے پی پی):محکمہ ایکسائز ، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے چارسدہ اور پشاور میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 1005 گرام آئس اور 7174 عدد (4623 گرام) نشہ آور گولیاں برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔محکمہ ایکسائز کے مطابق تھانہ ایکسائز چارسدہ کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے ایک موٹر کار کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران 1005 گرام آئس برآمد ہوئی۔ کارروائی میں مہمند خان ولد محمد انورسکنہ اجون کلے شوڈاگ، تنگی کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری کارروائی میں ایکسائز انٹیلیجنس بیورو سکواڈ نے خفیہ اطلاع پر پشاور رنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ہینو ٹرک نمبر P-7879 پشاور کو روک کر تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران ٹرک کی ڈرائیور سیٹ کے پیچھے چھپائی گئی 7174 عدد (4623 گرام) نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ کارروائی کے دوران سردار خان ولد سوداگر سکنہ اپر مہمند حال رامداس پشاور کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔محکمہ ایکسائز کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کی جانب سے منشیات کے خلاف کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں جبکہ محکمہ نے وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات اور صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منشیات کے خاتمے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔








