امریکا اور ایران میں کشیدگی کم کرنے کیلئے نئے مذاکرات کی کوشش، قطری ثالث متحرک

قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے ثالثی کی کوششیں تیز کردی ہیں

نیویارک۔28ستمبر (اے پی پی):قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کیلئے ثالثی کی کوششیں تیز کردی ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ قطری ثالث پیر یا منگل کو نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی فریق سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

بات چیت میں ایران کی جانب سے پیش کیے گئے 7 روزہ منصوبے میں ممکنہ ترمیم پر بھی غور کیا جائے گا، جن میں ایران اور لبنان میں جنگ بندی، ایرانی منجمد اثاثوں کی بحالی، ایرانی تیل پر پابندیوں کے خاتمے اور ایران کی بندرگاہوں پر امریکی پابندی اٹھانے کی تجاویز شامل ہیں۔

ان ترامیم کے بدلے ایران آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور اپنے جوہری پروگرام پر امریکا کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے پر آمادہ ہوگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے ایرانی تجویز مسترد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد میں مزید مذاکرات کی توقع ظاہر کی۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ تہران کو امریکا کی جانب سے تجویز مسترد کیے جانے کی باضابطہ اطلاع نہیں ملی اور ایران واشنگٹن کے حتمی مؤقف کا منتظر ہے۔