انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تھانہ پیرودھائی میں سدرہ عرب قتل کیس میں نامزد 9 ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر فریقین کے وکلا ء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا
سدرہ عرب قتل کیس، 9 ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ

مزید خبریں
راولپنڈی۔28ستمبر (اے پی پی):انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تھانہ پیرودھائی میں سدرہ عرب قتل کیس میں نامزد 9 ملزمان کی ضمانت منسوخی کی اپیلوں پر فریقین کے وکلا ء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
عدالت 3 نومبر کو فیصلہ سنائے گی جبکہ مقدمے کی مزید سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔پولیس نے مرکزی ملزمان سمیت 9 افراد کی ضمانتیں منسوخ کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، اس لئے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔
پولیس کے مطابق سدرہ عرب کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کرنے کے بعد خفیہ طور پر تدفین کی گئی اور قبر کے نشانات بھی مٹا دیئے گئے تھے۔ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہونے کے بعد پولیس نے نامزد ملزمان کی ضمانتوں کی منسوخی کیلئے ہائی کورٹ اور انسداد دہشت گردی کی عدالت سے رجوع کر رکھا ہے جبکہ مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جاری ہے۔







