امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ وہ رواں سال دسمبر یا جنوری 2027 کے اوائل میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے اسٹار لائنر-1 کا بغیر عملے کے مشن بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جبکہ عملے کے ساتھ اسٹار لائنر-2 مشن 2028 میں روانہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
ناسا اور بوئنگ کا سٹار لائنر مشن کے آئندہ مراحل کا اعلان

مزید خبریں
لاس اینجلس۔29ستمبر (اے پی پی):امریکی خلائی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ وہ رواں سال دسمبر یا جنوری 2027 کے اوائل میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے اسٹار لائنر-1 کا بغیر عملے کے مشن بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جبکہ عملے کے ساتھ اسٹار لائنر-2 مشن 2028 میں روانہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔شنہوا کے مطابق ناسا نے کہاہے کہ ادارہ آئی ایس ایس کے لیے اسٹار لائنر کی پانچویں اور چھٹی پرواز کے آپشنز بھی استعمال کرے گا۔ ناسا، بوئنگ اور یونائیٹڈ لانچ الائنس، اٹلس فائیو راکٹ کی آخری پرواز کے بعد اسٹار لائنر کے ذریعے خلابازوں کی ترسیل کے لیے ولکن راکٹ کی تصدیق پر بھی کام کریں گے۔ناسا نے بتایا کہ بغیر عملے کا اسٹار لائنر-1 مشن خلائی جہاز میں کی گئی بہتری کا انجینئرنگ جائزہ لینے، حرارتی ماحول میں بہتری کی تصدیق، نظام کی اہلیت کے لیے مطلوبہ کارکردگی کا ڈیٹا حاصل کرنے اور عملے کے آئندہ مشنز سے قبل باقی خطرات کی نشاندہی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جیرڈ آئزک مین نے کہا کہ اسٹار لائنر-1 سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر 2024 کی عملے والی آزمائشی پرواز کے بعد سامنے آنے والی اصلاحی سفارشات پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور عملے والی پرواز کے لیے ضروری ٹیسٹنگ اور سرٹیفکیشن مکمل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ منصوبے کے مطابق 2028 میں اسٹار لائنر-2 کے ذریعے خلابازوں کو دوبارہ خلا میں بھیجا جائے گا۔ناسا کے مطابق ناسا اور بوئنگ نے خلائی جہاز کی سرٹیفکیشن اور مستقبل کی عملے والی پروازوں کے لیے تھرسٹر والو کے ڈیزائن میں اضافی تبدیلی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اسٹار لائنر-1 کے بعد سروس ماڈیول کے تھرسٹر والو میں یہ تبدیلی مکمل کی جائے گی، جبکہ بوئنگ نئے کریو ماڈیول تھرسٹرز اور بیٹریاں نصب کرنے سمیت پیراشوٹ نظام میں معمولی تبدیلیاں بھی کرے گا تاکہ کارکردگی اور قابل اعتماد پن میں بہتری لائی جا سکے۔








