افغانستان میں سکیورٹی صورتحال سنگین، طالبان کی گاڑی پر مسلح افراد کا حملہ، 3 اہلکار ہلاک

افغانستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بدستور عدم استحکام کا شکار ہے جہاں طالبان مخالف مزاحمتی فورسز کی عسکری کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے

کابل۔29ستمبر (اے پی پی):افغانستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال بدستور عدم استحکام کا شکار ہے جہاں طالبان مخالف مزاحمتی فورسز کی عسکری کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ طالبان مخالف مسلح تنظیم ’’افغانستان فریڈم فرنٹ‘‘ نے صوبہ بدخشاں کے صوبائی دارالحکومت فیض آباد میں گھات لگا کر مسلح افراد کے حملے کا دعویٰ کیا ہے۔تنظیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کے جنگجوؤں نے صبح 9 بج کر 45 منٹ پر محکمہ معدنیات کے قریبی علاقے میں طالبان فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں 3 طالبان اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔ افغانستان فریڈم فرنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں تنظیم کے تمام حملہ آور محفوظ رہے اور ہدف کو نشانہ بنانے کے بعد کامیابی سے اپنے محفوظ ٹھکانوں کی جانب نکل گئے۔