گھوٹکی سے اغواء ہونے والے کے ٹی این نیوز کے رپورٹر عظیم سیال کی بحفاظت بازیابی پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سندھ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور جوانوں کو شاباش دی ہے
صحافی عظیم سیال کی بحفاظت بازیابی، وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی کا پولیس کو خراج تحسین

مزید خبریں
لاڑکانہ۔ 29 ستمبر (اے پی پی):گھوٹکی سے اغواء ہونے والے کے ٹی این نیوز کے رپورٹر عظیم سیال کی بحفاظت بازیابی پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے سندھ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور جوانوں کو شاباش دی ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی لاڑکانہ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پیز گھوٹکی، سکھر اور شکارپور سمیت کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی عظیم سیال کی بحفاظت بازیابی سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مؤثر حکمت عملی اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کا تحفظ حکومت سندھ اور سندھ پولیس کی اہم ذمہ داری ہے، جبکہ صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی ڈی آئی جی سکھر، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ایس ایس پیز گھوٹکی، سکھر اور شکارپور سمیت کامیاب کارروائی میں حصہ لینے والے تمام افسران اور جوانوں کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ مغوی صحافی کی بحفاظت بازیابی پولیس کی بروقت کارروائی، پیشہ ورانہ مہارت اور مربوط حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ سندھ پولیس شہریوں، بالخصوص صحافی برادری کے تحفظ اور سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں عزم اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرتی رہے گی۔








