انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کیلئے میچ آفیشلز پینل کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز جبکہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا

لاہور۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز جبکہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا۔ترجمان پی سی بی کےمطابق ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل میں جیف کرو میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز احسن رضا اور شرفدولہ بھی پینل میں شامل ہیں۔ دیگر امپائرز میں آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی، ناصر حسین اور نیوزی لینڈ کے وین نائٹس شامل ہیں۔ٹرائی سیریز کے فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔ شرفدولہ اور وین نائٹس ٹرائی سیریز میں بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے ریفری ڈین کوسکر ٹیسٹ سیریز میں ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ وہ راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ میں بطور ریفری ڈیبیو کریں گے۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر ٹیسٹ سیریز میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ پالیکر اور ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے، جو آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میچ ریفریز کا حصہ ہیں۔ راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی ٹی ٹونٹی سیریز میں آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ طارق رشید تینوں میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

مزید خبریں