پاکستان میں مسیحی برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے، ایسوسی ایشن چرچز ہزارہ

ایسوسی ایشن آف چرچز ہزارہ کے رہنمائوں نےکہا ہے کہ پاکستان میں مسیحی برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے، اقلیتوں کے ساتھ مسلمان بھائیوں کا رشتہ ہمیشہ لازوال احترام کا رہا ہے اور اس میں علما کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی کا بہت بڑا کردار ہے

ایبٹ آباد۔ 29 ستمبر (اے پی پی):ایسوسی ایشن آف چرچز ہزارہ کے رہنمائوں نےکہا ہے کہ پاکستان میں مسیحی برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے، اقلیتوں کے ساتھ مسلمان بھائیوں کا رشتہ ہمیشہ لازوال احترام کا رہا ہے اور اس میں علما کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی کا بہت بڑا کردار ہے۔ ایسوسی ایشن آف چرچز کے صدر پادری رفیق، سیکرٹری ذاکر پال ایڈووکیٹ، صحافی برادری کے رہنماؤن سردار نوید عالم، راجہ منیر خان اور عاطف قیوم، مولانا عزیز الرحمن، مفتی جعفر طیار مقبول اعوان، انجمن اتحاد شہریاں کے صدر ملک سجاد، پادری اسلم نازک، پادری صادق مسیح سیکرٹری پاسٹر ایسوسی ایشن پادری کاشف، سکھ کمیونٹی کے اوتم سنگھ، ہندو کمیونٹی کے درشن لال اور دیگر نے نے ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ ایسوسی ایشن آف چرچز کے سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے، اس کے برعکس پڑوسی ملک میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مذاہب میں پیار اور محبت کا درس مشترکہ ہے، حقوق العباد میں کسی قوم، رنگ اور فرقہ کا ذکر نہیں ہے، اپنے پڑوسی کے ساتھ بلا کسی رنگ، مذہب، نسل کے اچھے سلوک کی تلقین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب اورمقبوضہ بیت المقدس سے نکلنے والی آواز نے پوری دنیا کو گرویدہ بنایا ،مذہب کی بنیاد پر ہزارہ میں کبھی تفریق نہیں کی گئی، اقلیتوں کے ساتھ مسلم بھائیوں کا احترام کا لازوال رشتہ ہے، اس میں علما کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی کا بڑا کردار ہے جو لائق تحسین ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم اپنے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، رنگ نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہو گا۔اس موقع پر صدر پریس کلب سردار نوید عالم نے کہا کہ ایبٹ آباد کے لوگ وسیع القلب ہیں، مسیحی کمیونٹی کی ایبٹ آباد میں تعلیم کےلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ طب کے شعبہ میں مسیحی نرسز نے بے پناہ خدمات انجام دی ہیں، اس میں مذہب نہیں صرف انسانیت تھی۔ پریس کلب کا دروازے تمام مذاہب کے لوگوں کےلئے کھلے ہیں، ہمیشہ آپ کے شانہ بشانہ چلیں گے۔ مفتی جعفر طیار مقبول اعوان نے کہا کہ مذہب ہمیں انسانی حقوق کےلئے کام کرنا سکھاتا ہے ۔ اس موقع پر چرچز آف ایسوسی ایشن، مسیحی برادری کی سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کی نئی کابینہ کو مبارکباد دی۔ تقریب میں مختلف چرچز کے پادری صاحبان، کرسچن کمیونٹی کے مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے ونگز اور سول سوسائٹی کے افراد شریک تھے۔

مزید خبریں