کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں و کوچز کی ترقی کے لیے لاہور قلندرز اور گیانا کی حکومت کے درمیان تاریخی شراکت داری قائم
کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں و کوچز کی ترقی کے لیے لاہور قلندرز اور گیانا کی حکومت کے درمیان تاریخی شراکت داری قائم

مزید خبریں
لاہور ۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چیمپئن فرنچائز لاہور قلندرز اور جنوبی امریکی ملک گیانا کی وزارت ثقافت، نوجوان و کھیل کے درمیان کرکٹ کی عالمی ترقی اور باہمی تعاون کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر باضابطہ دستخط ہو گئے ہیں جس کا مقصد کھلاڑیوں اور کوچز کے لیے بین الاقوامی معیار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔اس اہم معاہدے پر لاہور قلندرز کے مالک و ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا، گیانا کے وزیر برائے ثقافت، نوجوان و کھیل معزز چارلس ریمسن (ایم پی) اور جونیئر وزیر معزز سٹیون جیکبز (ایم پی) نے دستخط کیے۔
اس شراکت داری میں گیانا کرکٹ بورڈ وزارت کے مرکزی تکنیکی شراکت دار کے طور پر خدمات انجام دے گا جو تمام تربیتی پروگراموں کے موثر نفاذ کو یقینی بنائے گا۔معاہدے کے تحت لاہور قلندرز کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام اور گیانا کی روایتی کرکٹ ثقافت کے اشتراک سے ایک جامع فریم ورک قائم کیا جائے گا۔ اس فریم ورک کے تحت ہائی پرفارمنس ٹریننگ، کھلاڑیوں اور کوچز کا باہمی تبادلہ، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز، کوچنگ ایجوکیشن اور جدید تکنیکی مہارتوں کی منتقلی پر کام کیا جائے گا۔
اس شراکت داری کا دائرہ کار یوتھ ڈویلپمنٹ، مشترکہ تربیتی کیمپس، کوچنگ کلینکس اور ویمنز کرکٹ کے فروغ تک وسیع ہو گا۔ اس کا بنیادی ہدف ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ اور کوچز کو جدید تربیتی طریقوں اور ہائی پرفارمنس ماحول سے روشناس کرانا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نمائندگان نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ہمیشہ نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور ان کی بین الاقوامی معیار کے مطابق گرومنگ کو اپنا مرکز بنایا ہے۔ گیانا کے ساتھ یہ تاریخی شراکت داری لاہور قلندرز کے اپنے کامیاب ڈویلپمنٹ ماڈل کو پاکستان سے باہر لے جانے اور بین الاقوامی کرکٹ برادری میں مثبت کردار ادا کرنے کے وژن کی جانب ایک بڑا سنگ میل ہے۔








