ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ گزشتہ روز منگل کا سینیٹ کا سیشن بہت اہمیت کا حامل تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس ماحول میں آج کل پاکستان جا رہا …

اسلام آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ گزشتہ روز منگل کا سینیٹ کا سیشن بہت اہمیت کا حامل تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس ماحول میں آج کل پاکستان جا رہا ہے جس میں سیکیورٹی چیلنجز بھی ہیں اس میں قانون سازی کرنے والے ہمارے دونوں ہاﺅسز کے لیے یہ بہت ہی اہم ہے کہ انہیں ملکی سیکیورٹی مسائل کے بارے میں خوب آگاہی ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزراءتو قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگز میں بیٹھتے ہیں جنہیں ان باتوں کا بخوبی علم ہوتا ہے لیکن گزشتہ روز تمام سینیٹ کو جب یہ بریفنگ دی گئی تو معلومات کی عدم موجودگی کی وجہ سے موجود بہت ساری افواہوں کا بھی خاتمہ ہوا جو بہت اچھی بات ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ بھی بڑی خوشی ہوئی کہ سینیٹ نے انفرادی حیثیت سے آرمی چیف کو جو عزت اور مقام دیا اور ساتھ ہی آرمی اور آئی ایس آئی کو جو عزت بخشی اور پیار دیا وہ لائق تحسین ہے۔ آرمی چیف نے بھی ہمیں یہی کہا کہ ہم قوم کا ایک حصہ ہیں اور ہم اسی قوم ہی سے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر آنے والے ہمارے ریٹائرڈ جنرل افسران انہیں ہمارے نظام کے تحت اپنی ریٹائرمنٹ کے 2 سال کے بعد ٹی وی پر آ کر کوئی تبصرہ کرنے کی اجازت ہے کیونکہ اب وہ قوم کا ایک حصہ ہیں اور آرمی کی ملازمت نہیں کر رہے اس لیے وہ 2 سال کے بعد اگر ٹی وی پر کسی سیاسی مسئلے پر اپنی کوئی رائے دیتے ہیں تو یہ ان کی ذاتی رائے ہے جس کا فوج سے کوئی تعلق نہیں سمجھنا چاہیئے کیونکہ فوج کا اپنا ایک نظام ہے اور وہ آئی ایس پی آر کے ذریعے اپنے ترجمان کے ذریعے ہی کوئی بیان جاری کرتی ہے۔

Leave a Reply