امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کو جنگ کے خاتمے کے لیے جوہری افزودگی میں ’خاطرخواہ‘ کمی لانا ہو گی
ایران کو جنگ کے خاتمے کے لیے جوہری افزودگی خاطرخواہ کم کرنا ہو گی،امریکی نائب صدر

مزید خبریں
واشنگٹن۔7اکتوبر (اے پی پی):امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کو جنگ کے خاتمے کے لیے جوہری افزودگی میں ’خاطرخواہ‘ کمی لانا ہو گی۔ رائٹرز کے مطابق جے ڈی وینس نے کہا کہ کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایران کو اپنی جوہری افزودگی کو کم کرنا ہو گا اور یہ صرف وعدوں یا یقین دہانی تک محدود نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار نہیں چاہتا تو اسے 60 فیصد افزودہ یورینیم کی کیا ضرورت ہے، اگر آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ جوہری ہتھیار نہیں بنائیں گے تو انتہائی افزودہ ایندھن تیار نہ کریں، یہ ایک بنیادی نکتہ ہے۔ جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اگر واقعی ایران جوہری ہتھیار نہ بنانے کا عزم ظاہر کرنا چاہتا ہے تو اسے یورینیم کی افزودگی کی صلاحیت میں واضح اور عملی کمی لانا ہو گی۔ واضح رہے کہ ایران اور امریکا نے حالیہ ہفتوں کے دوران جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو کھولنے سے متعلق مختلف تجاویز کا تبادلہ بھی کیا،تاہم صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کی تازہ تجویز مسترد کی گئی ہے اور انہوں نے خبردار کیا ہے کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد فوجی کارروائیاں مزید تیز ہو سکتی ہیں۔








