کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس میں ’’اڈاپٹ اے پلانٹ‘‘ مہم کا دوسرا مرحلہ شروع

کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس کے شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام ’’اڈاپٹ اے پلانٹ‘‘ مہم کے دوسرے مرحلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں بیچلر آف اکنامکس کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی

وہاڑی ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس کے شعبہ معاشیات کے زیر اہتمام ’’اڈاپٹ اے پلانٹ‘‘ مہم کے دوسرے مرحلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں بیچلر آف اکنامکس کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ مہم کا مقصد طلبہ میں ماحولیاتی شعور، پائیدار طرز عمل اور پودوں کی مسلسل نگہداشت کے حوالے سے احساس ذمہ داری اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر معروف شاہ، ڈین فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر خدا بخش اور سربراہ شعبہ معاشیات ڈاکٹر محمد عاصم یٰسین نے بھی طلبہ کے ہمراہ پودے لگانے اور ان کی نگہداشت کے عزم میں شرکت کی۔

مقررین نے کہا کہ جامعات نوجوانوں کو علمی تعلیم کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ اور ذمہ دار شہری بننے کی تربیت دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، محض پودا لگانا کافی نہیں بلکہ اس کی حفاظت، پانی کی فراہمی اور نشوونما کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ مہم کے تحت طلبہ نے کیمپس میں لگائے گئے پودوں کی طویل مدتی نگہداشت کی ذمہ داری قبول کی، جبکہ سرگرمی کے ذریعے پائیداری، احساس ملکیت، ٹیم ورک اور سماجی ذمہ داری جیسی اقدار کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ شعبہ معاشیات کی جانب سے مستقبل میں بھی ماحولیاتی تحفظ اور کیمپس کو مزید سرسبز بنانے کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔