چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر محمد عامر کی خصوصی ہدایت پر فیسکو ریجن کے تمام اضلاع میں بجلی بچت مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصدصارفین کو بجلی کے ذمہ دارانہ اور محتاط استعمال کی جانب راغب کرنااور بجلی کے ضیاع کی حوصلہ شکنی کرنا ہے
فیسکو ریجن کے تمام اضلاع میں بجلی بچت مہم کا باقاعدہ آغاز

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو فیسکو انجنئیر محمد عامر کی خصوصی ہدایت پر فیسکو ریجن کے تمام اضلاع میں بجلی بچت مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصدصارفین کو بجلی کے ذمہ دارانہ اور محتاط استعمال کی جانب راغب کرنااور بجلی کے ضیاع کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔بدھ کو ترجمان فیسکو محمد سعید رضا کے مطابق اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو فیسکو نے اپنے پیغام میں کہا کہ بجلی کی بچت ہر شہری اور ہر صارف کی قومی ذمہ داری ہے، اگر ہر صارف اپنے روزمرہ معمولات میں معمولی سی احتیاط اختیار کرے تو مجموعی طور پر بجلی کی نمایاں بچت کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صارفین کا بچایا ہوا ایک ایک یونٹ قومی وسائل کی بچت میں حصہ ڈالتا ہے۔ صارفین کی جانب سے بچائے گئے بجلی کے یونٹس کوکسی دوسرے ضرورت مند صارف، ہسپتال یا کسی ایسے مقام پر استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں بجلی کی اشد ضرورت ہو۔انجینئر محمد عامر نے کہا کہ انرجی کنزرویشن مہم کا مقصد صارفین کو بجلی کے استعمال سے روکنا نہیں بلکہ بجلی کو صرف ضرورت کے مطابق اور موثر انداز میں استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی سے نہ صرف بجلی کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ صارفین کے بجلی کے بلوں میں بھی خاطر خواہ کمی ممکن ہو سکے گی۔انھوں نے صارفین بجلی سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری لائٹس، پنکھے اور دیگر برقی آلات بند رکھیں اور بجلی صرف ضرورت کے وقت استعمال کریں۔دن کے اوقات میں جہاں ممکن ہو سورج کی قدرتی روشنی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور غیر ضروری لائٹس روشن نہ رکھیں۔انھوں نے مزید کہا کہ پرانے بجلی بلبوں کی جگہ کم بجلی استعمال کرنے والی LED لائٹس استعمال کی جائیں۔بجلی استعمال کرنے والے آلات کو اسٹینڈ بائی موڈ پر رکھنے کے بجائے مکمل طور پر سوئچ آف کیا جائے۔صارفین بجلی پیک آورز خصوصاً شام 6 بجے سے رات 11 بجے تک، غیر ضروری بجلی کے استعمال سے گریز کریں۔اسی طرح زرعی صارفین بھی شام کے اوقات میں ٹیوب ویل چلانے سے حتی الامکان گریز کریں تاکہ زیادہ طلب کے اوقات میں بجلی کے نظام پر اضافی بوجھ کم کیا جا سکے۔
صارفین اپنے گھروں، دکانوں، دفاتر اور کاروباری مراکز میں بجلی کے منظور شدہ لوڈ کے مطابق ہی برقی آلات استعمال کریں۔ ترجمان کے مطابق اگر لاکھوں صارفین روزانہ صرف چند یونٹس کی بچت بھی یقینی بنائیں تو مجموعی طور پر بجلی کی طلب میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، جس سے بجلی کے نظام پر دباؤ کم کرنے اور زیادہ سے زیادہ صارفین کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔








