اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سینٹ سے پاس ہونے والے حلقہ بندیوں کے بل سے ملک میں انتخابات کی تاخیر کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے منظور ہونے والی آئینی ترمیم کا کریڈٹ تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کو جاتا ہے جنہوں نے بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے …
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سینٹ سے پاس ہونے والے حلقہ بندیوں کے بل سے ملک میں انتخابات کی تاخیر کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ حلقہ بندیوں کے حوالے سے منظور ہونے والی آئینی ترمیم کا کریڈٹ تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کو جاتا ہے جنہوں نے بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات کے بروقت انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایوان بالا سے اس بل کو منظور کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس سلسلے میں ایک اہم و مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماﺅں جن میں رضا ربانی، خورشید احمد شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور اعتزاز احسن و دیگر شامل ہیں یہ سوچتے تھے کہ انتخابات کی تاخیر کا دھبہ کسی طرح بھی پاکستان پیپلز پارٹی پہ نہیں لگنا چاہیئے اس لیے اس بل کی منظوری میں ان لوگوں کے کردار کو بھی سراہتا ہوں جنہوں نے اس ضمن میں بلاشبہ اہم و مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے لاکھ اختلافات سہی لیکن ان کی جمہوری جدوجہد سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس اہم معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہوا اور معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کر لیا گیا ہے جس سے بعض جگہوں پر موجود انتخابات کی تاخیر کی سوچ رکھنے والوں کو ایک مرتبہ پھر ناکامی ہوئی ہے۔ قبل از وقت انتخابات کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور آئندہ عام انتخابات 2018ءہی میں ہوں گے۔








