مظفرگڑھ ،کاروباری اور صنعتی برادری کے ساتھ رابطہ مضبوط بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ ،کاروباری اور صنعتی برادری کے ساتھ رابطہ مضبوط بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

مظفرگڑھ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):کاروباری اور صنعتی برادری کے ساتھ رابطہ مضبوط بنایا جائے،ریگولیٹری امور میں سہولت کاری اور ڈیجیٹل سہولیات کو بہتر کیا جائے، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایات کے مطابق کاروباری و صنعتی شعبے کےلئے سازگار، شفاف اور سہولت پر مبنی ریگولیٹری ماحول یقینی بنانے، گیارہویں تھل جیپ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لینے اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے اپنی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق اجلاس میں کاروباری و صنعتی اداروں کو غیر ضروری ریگولیٹری رکاوٹوں سے بچانے، شفاف اور ایس او پیز کے مطابق معائنہ یقینی بنانے، شکایات کے بروقت ازالے اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ہدایت کی کہ کسی بھی کاروباری یا صنعتی یونٹ کو سیل کرنے سے قبل متعلقہ ریگولیٹری محکمہ ڈپٹی کمشنر کو لازمی طور پر آگاہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد اور صنعتکاروں کو قوانین، ایس او پیز اور ریگولیٹری تقاضوں سے آگاہ کرنے کے لیے پہلے مرحلے میں کونسلنگ اور رہنمائی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ قانونی تقاضوں پر عملدرآمد بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ نئے کاروبار اور صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے این او سی کے حصول کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور متعلقہ محکمے مقررہ مدت میں درخواستوں پر کارروائی مکمل کریں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے جائز کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ریگولیٹری محکموں کے معائنے مربوط انداز میں ایک ہی دن کیے جائیں تاکہ کاروباری افراد اور صنعتی اداروں کو بار بار مختلف محکموں کے معائنوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے پنجاب فوڈ اتھارٹی، پیرا فورس، محکمہ زراعت اور بلڈنگ انسپکٹرز سمیت تمام متعلقہ ریگولیٹری محکموں کو ہدایت کی کہ معائنہ اور انفورسمنٹ کی کارروائیاں مقررہ قانونی طریقہ کار اور ایس او پیز کے مطابق کی جائیں، کاروباری افراد کو غیر ضروری مشکلات سے بچایا جائے اور مختلف محکموں کے درمیان مؤثر کوآرڈی نیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے شکایات کے اندراج، ان کی متعلقہ فورم تک منتقلی اور بروقت حل کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کاروباری و صنعتی برادری کے ساتھ رابطہ مزید مضبوط بنانے، ریگولیٹری امور میں سہولت کاری اور ڈیجیٹل سہولیات کو بہتر بنانے پر زور دیا، جبکہ ای بز اور کیو آر کوڈ کے ذریعے متعلقہ ایس او پیز اور پروٹوکول تک آسان رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں 11ویں تھل ڈیزرٹ ریلی 2026 کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ریلی 5، 6، 7 اور 8 نومبر 2026 کو مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور لیہ کے اضلاع میں منعقد ہوگی۔ مظفرگڑھ میں ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں میں چانگا مانگا ٹیلہ پر سہولت مرکز، ٹریک کی تیاری و صفائی، پارکنگ، فوڈ کورٹ، سکیورٹی، صفائی، پانی، ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور ابتدائی طبی امداد سمیت دیگر انتظامات شامل ہیں۔اجلاس میں پرائس کنٹرول کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ضروری اشیاء اور سبزیوں کی قیمتوں کا دیگر اضلاع سے تقابلی جائزہ لیتے ہوئے عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز محمد یوسف چھینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عرفان انور، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع طاہر محمود بھٹی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔