ہماری بیٹیاں بے پناہ صلاحیتوں، حوصلے اور خوابوں کی مالک ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ ہماری بیٹیاں بے پناہ صلاحیتوں، حوصلے اور خوابوں کی مالک ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا تاریخی سیاسی سفر اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بدل سکتی ہیں بلکہ قوموں کی تاریخ کا دھارا بھی تبدیل کرسکتی ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان …

کراچی /اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہے کہ ہماری بیٹیاں بے پناہ صلاحیتوں، حوصلے اور خوابوں کی مالک ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا تاریخی سیاسی سفر اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں تو وہ نہ صرف اپنی زندگی بدل سکتی ہیں بلکہ قوموں کی تاریخ کا دھارا بھی تبدیل کرسکتی ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچیوں کو بااختیار بنانا ایک مضبوط، خوشحال اورمنصفانہ معاشرے کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔

ریاست، خاندان،تعلیمی اداروں اورمعاشرے کو مل کر ایسا ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں بیٹی کو بوجھ نہیں بلکہ امید اور روشن مستقبل کی علامت سمجھا جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوری اور مساوات پر مبنی وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے پیپلز پارٹی نے محروم طبقات کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، وسیلۂ تعلیم اور تعلیمی وظائف جیسے پروگراموں کا مقصد مستحق خاندانوں کو سہارا دینا اور بچوں کی تعلیم کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

سندھ میں بچیوں کی تعلیم، خواتین کے حقوق اور سماجی تحفظ کے لیے اقدامات بھی اسی عزم کا حصہ ہیں کہ غربت کسی بچی کے مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا وژن ایسا پاکستان ہے جہاں ہر بچی تعلیم، صحت اور تحفظ کی سہولیات سے مستفید ہو، تشدد و استحصال سے محفوظ رہے اوراپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے یکساں مواقع حاصل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچیوں کی تعلیم اور بہتر نشوونما پر سرمایہ کاری دراصل پاکستان کی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔

 

مزید خبریں