پاکستان سمیت دنیا بھر میں آرتھرائٹس (گنٹھیا یا جوڑوں کی سوزش) کا عالمی دن پیر کو منایا گیا۔آرتھرائٹس جوڑوں کی ایک ایسی بیماری ہے جس میں جوڑوں کے اندر سوجن ،شدید درد اور اکڑن پیدا ہو جاتی ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آرتھرائٹس کا عالمی دن منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں آرتھرائٹس (گنٹھیا یا جوڑوں کی سوزش) کا عالمی دن پیر کو منایا گیا۔آرتھرائٹس جوڑوں کی ایک ایسی بیماری ہے جس میں جوڑوں کے اندر سوجن ،شدید درد اور اکڑن پیدا ہو جاتی ہے۔ اس کی سب سے عام اقسام میں آسٹیو آرتھرائٹس (ہڈیوں کی گھساوٹ) اور روماٹائڈ آرتھرائٹس (جوڑوں کا گنٹھیا) وغیرہ شامل ہیں۔اس بیماری کی کچھ اقسام مستقل ہوتی ہیں تاہم طرزِ زندگی میں بعض تبدیلیوں سے اس پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق وزن کو کنٹرول کرنا بنیادی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ زیادہ وزن جوڑوں (خاص طور پر گھٹنوں) پر دباؤ بڑھاتا ہے۔اسی طرح ہلکی ورزش کریں، چہل قدمی، تیراکی یا سٹریچنگ سے جوڑوں کی اکڑن کم ہوتی ہے۔
مزید برآں صحت بخش غذا بھی آرتھرائٹس کی بیماری میں مفید ثابت ہوتی ہے۔ خوراک میں کیلشیم، وٹامن ڈی اور اومیگا 3 (مچھلی، اخروٹ)وغیرہ کے استعمال کے علاوہ سوجن بڑھانے والی چیزوں (زیادہ میٹھا اور پروسیسڈ فوڈ) سے پرہیز بھی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ جوڑوں میں مسلسل درد، سوجن یا صبح کے وقت اکڑن محسوس ہوتو کسی روماٹولوجسٹ یا ہڈیوں کے ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کرنا ضروری ہے۔ عالمی یومِ آرتھرائٹس کے موقع پر مختلف طبی اداروں اور تنظیموں کے زیر اہتمام منعقدہ تقاریب میں آرتھرائٹس کی بیماری اور اس سے تحفظ کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔








