جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ورلڈ اسپیس ویک کے سلسلے میں سیمینار، پہلے اسپیس سائنسز کلب کا افتتاح

ورلڈ اسپیس ویک کے سلسلے میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ فزکس نے اسپیس سائنسز گروپ کے اشتراک سے ’’بیونڈ ارتھ، ایکسپلورنگ دی ونڈرز آف سپیس‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا جس کا مقصد طالبات میں خلائی سائنس

فیصل آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):ورلڈ اسپیس ویک کے سلسلے میں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ فزکس نے اسپیس سائنسز گروپ کے اشتراک سے ’’بیونڈ ارتھ، ایکسپلورنگ دی ونڈرز آف سپیس‘‘ کے عنوان سے سیمینار منعقد کیا جس کا مقصد طالبات میں خلائی سائنس، فلکیات اور تحقیق کے حوالے سے دلچسپی پیدا کرنا تھا۔پیر کو منعقدہ سیمینار کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اسپیس سائنسز گروپ کے بانی محمد عبدالوہاب اور مرچنٹ نیوی کے شپ کیپٹن آفتاب احمد کے ہمراہ یونیورسٹی کے پہلے اسپیس سائنسز کلب کا افتتاح کیاجس کا مقصد طالبات کو خلائی سائنس اور فلکیات کے شعبوں میں سیکھنے، تحقیق کرنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔کیپٹن آفتاب احمد نے اپنی فلکیاتی تصاویر پیش کیں اور طالبات کو کائنات کے مطالعے اور خلائی تحقیق میں دلچسپی لینے کی ترغیب دی۔

تکنیکی سیشن میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈاکٹر بلال رمضان اور جامعہ پنجاب سے ڈاکٹر محسن سعید نے طالبات کو فلکی طبیعیات میں تحقیق کے امکانات اور اس شعبے میں دستیاب مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔تقریب کی ایک اہم سرگرمی سورج کا براہِ راست مشاہدہ تھا، جس کے دوران طالبات نے دوربین کی مدد سے سورج کے دھبے دیکھے اور فلکیاتی مشاہدے کے عملی تجربے سے استفادہ کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے سیمینار کے انعقاد پر شعبہ فزکس کی کاوشوں کو سراہا اور مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔ اس موقع پر خلائی سائنس اور فلکیات کے بارے میں آگاہی کے ساتھ طالبات کو سائنسی تحقیق کی جانب راغب کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

 

مزید خبریں