بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 14 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے ہوگا، آڈٹ رپورٹس 2025-26 بھی پیش کی جائیں گی

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 14 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے ہوگا، آڈٹ رپورٹس 2025-26 بھی پیش کی جائیں گی

کوئٹہ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان صوبائی اسمبلی کا اجلاس کل بروز بدھ، 14 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔ بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس، اہم قانون سازی اور آڈٹ رپورٹس کی پیشی شامل ہے۔

اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی کی جانب سے قلعہ عبداللہ میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال سے متعلق 12 اکتوبر کا موخر شدہ توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا جس کے ذریعے علاقے کی صورتحال ایوان کے سامنے لائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی برائے آبپاشی کی رپورٹ برائے بلوچستان آبی وسائل کے انتظام و انصرام کا مسودہ قانون مصدرہ 2026ء، یعنی مسودہ قانون نمبر 12 مصدرہ 2026ء، بھی پیش کی جائے گی۔

اسی طرح قائمہ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم کی رپورٹ برائے بلوچستان کیڈٹ کالجز (ترمیمی) مسودہ قانون مصدرہ 2026ء، یعنی مسودہ قانون نمبر 22 مصدرہ 2026ء، بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔مزید برآں صوبائی وزیر خزانہ آئین کے آرٹیکل 171 کے تحت آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والی مالی سال 2025-26 کی آڈٹ رپورٹس اسمبلی میں پیش کریں گے۔ بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اجلاس میں مقررہ ایجنڈے کے تحت مذکورہ امور زیرِ بحث آئیں گے۔