ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کے 54 کنفرم کیسز رپورٹ، 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد لاروا کی نشاندہی

ضلع راولپنڈی میں 12 اکتوبر تک ڈینگی کے 54 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ رواں سال اب تک 2 لاکھ 20 ہزار 825 ڈینگی لاروا کی نشاندہی کی گئی ہے

راولپنڈی۔13اکتوبر (اے پی پی):ضلع راولپنڈی میں 12 اکتوبر تک ڈینگی کے 54 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ رواں سال اب تک 2 لاکھ 20 ہزار 825 ڈینگی لاروا کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عبدالرحمن خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ،جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی کی افزائش روکنے کے لیے سرویلنس سرگرمیاں جاری ہیں۔ رواں سال اب تک 54 لاکھ سے زائد گھروں کی چیکنگ اور 18 لاکھ سے زائد مقامات کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کی گئی۔ اس دوران 194,634 گھروں اور 26,191 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔اجلاس میں ہاٹ سپاٹس کی نگرانی موثر بنانے، لاروا کی نشاندہی پر فوری کارروائی اور زیر التواء ڈینگی رسپانس رپورٹس بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

قبرستانوں اور کھلی جگہوں کی صفائی، نالوں کی ڈی سلٹنگ، مچھلیوں کے ذریعے لاروا کی افزائش روکنے اور عوامی آگاہی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ باہمی رابطے کو بہتر بناتے ہوئے فیلڈ میں انسداد ڈینگی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ مقامات کا فوری خاتمہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

مزید خبریں