راولپنڈی، نومبر میں شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم میں 9 لاکھ 89 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر
راولپنڈی، نومبر میں شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم میں 9 لاکھ 89 ہزار بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

مزید خبریں
راولپنڈی۔14اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نومبر 2026 کی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلع کی 188 یونین کونسلز میں 9 لاکھ 89 ہزار 924 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے اور 7 لاکھ ایک ہزار گھرانوں تک رسائی کا ہدف مقرر کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز فضائل مدثر، سی ای او ہیلتھ، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران 4 ہزار 215 موبائل ٹیموں، 176 ٹرانزٹ ٹیموں اور 232 فکسڈ ٹیموں سمیت دیگر عملے کی خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ مہم کی نگرانی کے لئے 200 یونین کونسل میڈیکل افسران اور 686 ایریا انچارجز بھی تعینات ہوں گے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ زیرو ڈوز بچوں کی ویکسی نیشن اور فیلڈ تصدیق کے لئے مقرر کردہ 2 ہزار 547 بچوں کے ہدف میں سے 2 ہزار 435 بچوں کی ویکسی نیشن اور تصدیق مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی بچوں تک رسائی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ ویکسین سے انکار کرنے والے خاندانوں سے رابطوں اور ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔اجلاس میں مہم کے دوران مائیکرو پلانز پر عمل درآمد، ٹیموں کی تربیت، فیلڈ مانیٹرنگ اور والدین و کمیونٹی رہنماؤں کے تعاون کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
اس کے علاوہ تعلیمی اداروں، مدارس اور کمیونٹی سطح پر آگاہی سیشنز، مذہبی و سماجی رہنماؤں سے رابطوں اور میڈیا کے ذریعے تشہیری مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مہم کی تیاریاں مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کی جائیں اور تمام محکمے باہمی رابطے کے تحت ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔








