سیالکوٹ پولیس نے چوری شدہ چار کروڑ روپے مالیت کا 65 تولے سونا برآمدکر کے دو خواتین ملزمان کراچی سے گرفتار کر لیا

سیالکوٹ۔15اکتوبر (اے پی پی):تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی شواہد اور مسلسل تفتیش کی مدد سے اوورسیز خاندان کے گھر چوری کی بڑی واردات کا سراغ لگا کر دو خواتین ملزمان عائشہ عرف عاشی اور سعدیہ عرف سابو کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے چار کروڑ روپے مالیت کا چوری شدہ 65 تولے سونا سو فیصد برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان سیالکوٹ …

سیالکوٹ۔15اکتوبر (اے پی پی):تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی شواہد اور مسلسل تفتیش کی مدد سے اوورسیز خاندان کے گھر چوری کی بڑی واردات کا سراغ لگا کر دو خواتین ملزمان عائشہ عرف عاشی اور سعدیہ عرف سابو کو کراچی سے گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے چار کروڑ روپے مالیت کا چوری شدہ 65 تولے سونا سو فیصد برآمد کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق اٹلی میں مقیم اوورسیز خاندان سے تعلق رکھنے والے مدعی محمد فیاض ولد محمد صادق کے محلہ اسلام خان، ڈسکہ میں واقع گھر میں 12 اگست 2026ء کو واردات ہوئی۔

مدعی نے دو خواتین کو شناخت اور سابقہ کوائف کی مکمل تصدیق کے بغیر گھریلو ملازمہ رکھا تھا، جو موقع پا کر طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فونز چوری کرکے فرار ہوگئیں۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 1166/26 تھانہ سٹی ڈسکہ میں درج کیا گیا۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل ڈسکہ ملک خدا بخش کو مقدمہ ٹریس کرنے، ملزمان کی گرفتاری اور مالِ مسروقہ کی برآمدگی کا خصوصی ٹاسک دیا۔ انہوں نے پولیس ٹیم کو درکار وسائل فراہم کیے اور تفتیشی پیش رفت کا مسلسل فالو اَپ لیا۔ڈی ایس پی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی ڈسکہ انسپکٹر نعمان بٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، تکنیکی ذرائع اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر سراغ رسانی شروع کی۔

پولیس ٹیم شواہد کی کڑی سے کڑی ملاتے ہوئے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں اور علاقوں سے ملنے والے سراغوں کے ذریعے بالآخر کراچی میں ملزمان تک پہنچ گئی، جہاں دونوں کو گرفتار کرکے مسروقہ سونا مکمل برآمد کر لیا گیا۔زیورات واپس ملنے پر متاثرہ خاندان اور اہلِ علاقہ نے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت، مسلسل محنت اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے سیالکوٹ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی پی او نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور ملزمان کی گرفتاری و مسروقہ اثاثوں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھریلو ملازمین رکھنے سے قبل ان کی شناخت، کوائف اور سابقہ ریکارڈ کی تصدیق ضرور کروائیں اور متعلقہ پولیس سے معاونت حاصل کریں۔