اینٹی کرپشن پنجاب کا کرپٹ عناصر کےخلاف جاری میگا آپریشن،600 گرفتار

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں کرپٹ عناصر کےخلاف جاری میگا آپریشن کے دوران اب تک600 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہےجن میں341 سرکاری ملازمین رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے، مختلف شکایات پر انکوائری مکمل ہونے کے بعد کرپشن کے الزامات میں256 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب عبدالوہاب کے مطابق صوبے بھر میں کرپشن کے خاتمے اور سرکاری …

لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے صوبے بھر میں کرپٹ عناصر کےخلاف جاری میگا آپریشن کے دوران اب تک600 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہےجن میں341 سرکاری ملازمین رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے، مختلف شکایات پر انکوائری مکمل ہونے کے بعد کرپشن کے الزامات میں256 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب عبدالوہاب کے مطابق صوبے بھر میں کرپشن کے خاتمے اور سرکاری اداروں کو بدعنوان عناصر سے پاک کرنے کےلئے خصوصی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور ریجن اے نے 24 جبکہ لاہور ریجن بی نے30 افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔اسی طرح گوجرانوالہ ریجن میں 52،فیصل آباد ریجن میں 26 اور راولپنڈی ریجن میں37 افراد کو ٹریپ ریڈ کے دوران رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ سرگودھا ریجن میں 25،ساہیوال ریجن میں 22، ملتان ریجن میں 57،بہاولپور ریجن میں 29 جبکہ ڈیرہ غازی خان ریجن میں39 افراد کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کرپشن کی مختلف شکایات پر تحقیقات اور انکوائریوں کے بعد بھی ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں لاہور ریجن اے سے15 اور لاہور ریجن بی سے 18 افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ گوجرانوالہ ریجن سے47،فیصل آباد ریجن سے38 اور راولپنڈی ریجن سے ایک سرکاری ملازم کو کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح سرگودھا ریجن سے 12،ساہیوال ریجن سے 22،ملتان ریجن سے 40،بہاولپور ریجن سے46 اور ڈیرہ غازی خان ریجن سے 17 افراد کو کرپشن کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا کہنا تھا کہ کرپشن کےخلاف جاری خصوصی مہم کے تحت صوبے کے تمام ریجنز میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کیخلاف قانون کے مطابق اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پنجاب کے وژن کے تحت سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے اور عوام کو کرپشن سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ کرپٹ عناصر کےخلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور بدعنوانی میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے جاری مہم کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت ستانی میں ملوث عناصر کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔