ناران، جھیل سیف الملوک، بیسر جھیل، لولوسر اور بابوسر ٹاپ سمیت مختلف سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی

وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد ہو گیا، ناران، جھیل سیف الملوک، بیسر جھیل، جھیل لولوسر اور بابوسر ٹاپ سمیت مختلف سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے

ایبٹ آباد۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):وادی کاغان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد ہو گیا، ناران، جھیل سیف الملوک، بیسر جھیل، جھیل لولوسر اور بابوسر ٹاپ سمیت مختلف سیاحتی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ ناران بازار میں بھی رات کے وقت ہلکی برفباری ہوئی، جس سے وادی کے قدرتی حسن میں مزید اضافہ ہو گیا۔بابوسر ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث کیٹی داس سے آگے مانسہرہ پولیس نے موسم بہتر ہونے تک ٹریفک کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی ہے۔

بابوسر ٹاپ پر تقریباً ڈیڑھ فٹ جبکہ جھیل لولوسر کے مقام پر تقریباً دو انچ برف پڑ چکی ہے۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد شیراز کے مطابق وادی کاغان کے مختلف مقامات پر عملہ اور مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی افراد کی رہنمائی و معاونت کے ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ہفتہ وار تعطیلات کے دوران وادی کاغان میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ اس سلسلے میں سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بالائی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل سڑکوں اور موسم کی صورتحال سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔