ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر کبل نے محکمہ زراعت کے دفتر کبل میں کاشتکاروں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا
سوات کےتحصیل کبل میں کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد

مزید خبریں
پشاور۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سوات عدنان ابرار کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر کبل نے محکمہ زراعت کے دفتر کبل میں کاشتکاروں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ڈپٹی کمشنر سوات کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کھلی کچہری میں تحصیلدار کبل، نائب تحصیلدار کبل، متعلقہ ریونیو عملے، مختلف ضلعی محکموں کے افسران، تحصیل کبل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر کاشتکاروں نے زراعت سے متعلق درپیش مسائل اور اپنی شکایات پیش کیں، جنہیں اسسٹنٹ کمشنر نے توجہ سے سنا اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ان کے حل کے لیے گفتگو کی۔
کھلی کچہری کے دوران متعدد مسائل موقع پر ہی حل کر دیے گئے جبکہ باقی شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کو قواعد و ضوابط کے مطابق ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل کا حل اور انہیں سرکاری خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا انتظامیہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کاشتکاروں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیں اور ان کے حل کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں۔ضلعی انتظامیہ سوات عوام، بالخصوص کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور سرکاری محکموں تک ان کی براہِ راست رسائی یقینی بنانے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔








