سندھ حکومت کے تعاون سے 24 اکتوبر کو کراچی میں یومِ اقوام متحدہ منایا جائے گا۔اس سلسلے میں سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت اقوام متحدہ پاکستان کے وفد کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں یومِ اقوام متحدہ کی تقریب کے انتظامات اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا
سندھ حکومت کے تعاون سے 24 اکتوبر کو کراچی میں یومِ اقوام متحدہ منایا جائے گا

مزید خبریں
کراچی۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):سندھ حکومت کے تعاون سے 24 اکتوبر کو کراچی میں یومِ اقوام متحدہ منایا جائے گا۔اس سلسلے میں سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر کی زیر صدارت اقوام متحدہ پاکستان کے وفد کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں یومِ اقوام متحدہ کی تقریب کے انتظامات اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اقوام متحدہ کے عہدیدار گولڈن مولیلو، ڈائریکٹر کھیل اسد اسحاق، ڈائریکٹر یوتھ سید حبیب اللہ، عمران لغاری سمیت رینجرز، پولیس، ٹریفک پولیس، محکمہ بلدیات، کالجز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری کھیل و امورِ نوجوانان سندھ منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے کراچی میں یومِ اقوام متحدہ کی تقریب منعقد کی جائے گی، جس کی میزبانی صوبائی حکومت کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ اقوام متحدہ کی مرکزی تقریب یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر ساؤتھ، کراچی میں منعقد ہوگی اور یہ ایونٹ عوام کے لیے کھلا ہوگا۔اقوام متحدہ کے وفد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل یومِ اقوام متحدہ لاہور اور اسلام آباد میں منایا جا چکا ہے، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اب اس دن کو صوبائی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت رواں سال کراچی کا انتخاب کیا گیا ہے۔تقریب میں کھیلوں کی سرگرمیوں، معلوماتی و تفریحی اسٹالز، کھانے پینے کے اسٹالز اور میوزک شو سمیت مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔








