ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسرگودھا احمد مغیث کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی اقدامات اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کی کارکردگی کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا
انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت اور عدم دلچسپی کسی صورت قابلِ قبول نہیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسرگودھا

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرسرگودھا احمد مغیث کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی اقدامات اور حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام کی کارکردگی کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع بھرمیں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں،متعلقہ محکموں کی کارکردگی اوراحتیاطی اقدامات پرعملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز احمد مغیث نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے اپنی ذُمہ داریاں پوری مستعدی اور سنجیدگی سے ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت اور عدم دلچسپی کسی صورت قابلِ قبول نہیں، لہٰذا تمام متعلقہ محکمے فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر بنائیں اور مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس، لاروا کی بروقت نشاندہی و تلفی، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی اور انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
محکمہ ہیلتھ کے افسران فیلڈ ٹیموں کی نگرانی کریں اور باہمی رابطے اور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ اسی طرح حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کا جائزہ لیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن سے رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کاجائزہ لیاجائے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر کاشف نبیل اعظم، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔








