گورنر سندھ نہال ہاشمی کا نئی ٹرین سروس ملت ایکسپریس کا افتتاح

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ملت ایکسپریس کا افتتاح کردیا۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان ریلویز کے لیے اہم ہے، ملت ایکسپریس کے نام سے ایک نئی ٹرین سروس کا آغاز خوش آئند ہے جبکہ ریلوے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بہتری لانے کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے …

کراچی۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے ملت ایکسپریس کا افتتاح کردیا۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان ریلویز کے لیے اہم ہے، ملت ایکسپریس کے نام سے ایک نئی ٹرین سروس کا آغاز خوش آئند ہے جبکہ ریلوے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بہتری لانے کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملت ایکسپریس کا روٹ کراچی سے لالہ موسی تک ہے جبکہ اس سروس کا آغاز سید جمیل اینڈ کمپنی اور لاسانی کارگو کے اشتراک سے ممکن ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر ریلوے کو ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات پر مبارک باد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے مختلف شعبوں اور علاقوں کو آپس میں جوڑنے کا اہم ذریعہ ہے، اس لیے اس ادارے کی ترقی اور بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی املاک، بینچز اور دیگر سامان کی حفاظت کرنا بھی شہریوں کی ذمہ داری ہے، اداروں کو بہتر بنانے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ لاسانی کارگو کے ساتھ معاہدے کے ذریعے ریلوے کی آمدن میں اضافے اور مالی وسائل کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حاصل ہونے والی آمدن ریلوے کی دیکھ بھال اور مرمت پر بھی خرچ کی جاسکے گی، جبکہ وزیر ریلوے کی ترجیح ریلوے ٹریک کو بہتر بنانا ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ کراچی سے روہڑی تک رواں سال نئی پٹریاں بچھانے کا کام جاری ہے اور ریلوے حادثات کی شرح کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے حادثات ہمیشہ افسوس ناک ہوتے ہیں اور ایسے واقعات میں غفلت یا کوتاہی کے پہلوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، تمام متعلقہ افراد کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی چاہئیں۔