پشاور یونیورسٹی کے ممتاز ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان ریٹائرڈ ہو گئے

جامعہ پشاور کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے۔تر جمان جامعہ پشاور کے مطابق ان کی علمی، تدریسی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں شعبہ جرنلزم، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز اور ہم اکنامکس کالج میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریبات کا اہتمام کیا گیا

پشاور۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):جامعہ پشاور کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہو گئے۔تر جمان جامعہ پشاور کے مطابق ان کی علمی، تدریسی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کے اعتراف میں شعبہ جرنلزم، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز اور ہم اکنامکس کالج میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان نے اپنے طویل تدریسی کیریئر کے دوران اعلیٰ تعلیم کے فروغ، طلبہ کی علمی و فکری تربیت اور جامعہ پشاور کے تعلیمی و تحقیقی ماحول کی بہتری کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔ بحیثیت استاد، محقق اور منتظم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے تجربے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تعلیمی بصیرت کے ذریعے نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ اور علمی حلقوں میں بھی ایک قابلِ احترام مقام حاصل کیا۔ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو علمی سنجیدگی، پیشہ وارانہ وقار، خوش اخلاقی اور ساتھیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رہا۔

انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے جامعہ کی تعلیمی روایات اور ادارہ جاتی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا۔الوداعی تقریبات میں مقررین نے پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان کی تدریسی، تحقیقی اور انتظامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات جامعہ پشاور کے علمی و تدریسی سفر کا قابلِ قدر حصہ ہیں۔ انہوں نے ان کی ریٹائرمنٹ کو ایک دور کا اختتام قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کا علمی تجربہ اور رہنمائی مستقبل میں بھی تعلیمی حلقوں کے لیے مفید ثابت ہوگی۔پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد خان کی ریٹائرمنٹ ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ایک اہم مرحلے کی تکمیل ہے، تاہم علم و تحقیق کے لیے ان کی خدمات اور جامعہ پشاور کے ساتھ ان کی وابستگی ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھی جائے گی۔