وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے
دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ ملنے تک بند رہیں گی، سی ٹی او فرحان اسلم

مزید خبریں
راولپنڈی ۔15اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں خصوصی سکواڈ اور چیکنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔راولپنڈی ٹریفک پولیس کے مطابق خصوصی ٹیمیں بس اڈوں سمیت شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کریں گی اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کسی صورت شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایسی گاڑیوں کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے تک متعلقہ تھانے میں بند رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ترپال یا مناسب ڈھانپے چلنے والی ٹرالیوں اور گندگی پھیلانے والی دیگر لوڈر گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں نہ صرف ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں اضافے کا باعث بنتی ہیں بلکہ ٹریفک حادثات کے خطرات بھی بڑھاتی ہیں، اس لیے ان گاڑیوں کی موثر جانچ پڑتال اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔سی ٹی او فرحان اسلم کے مطابق شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔ ایجوکیشن ونگ تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی اداروں اور شاہراہوں پر پمفلٹس سمیت مختلف ذرائع سے عوام میں آگاہی پیدا کرے گا تاکہ شہری ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں۔







