فولارین بالوگن کیس کے تنازع کے بعد فیفا کا اپنے ڈسپلنری کوڈ کی دفعہ 27 میں ترمیم کا فیصلہ
فولارین بالوگن کیس کے تنازع کے بعد فیفا کا اپنے ڈسپلنری کوڈ کی دفعہ 27 میں ترمیم کا فیصلہ

مزید خبریں
زیورخ۔16اکتوبر (اے پی پی):فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کے ورلڈ کپ ریڈ کارڈ کے باعث خودکار ایک میچ کی پابندی معطل کرنے کے فیصلے پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 27 میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق فیفا کونسل کے اجلاس کے بعد باڈی نے اپنے ڈسپلنری کوڈ کی دفعہ 27 میں ترمیم کرنے کی تصدیق کر دی ہے، جو غیر معمولی حالات میں ڈسپلنری سزاؤں کی معطلی کی اجازت دیتی ہے۔
مجوزہ ترمیم اور فولارین بالوگن کیس کی وضاحت 16 دسمبر کو دوحہ میں ہونے والے آئندہ فیفا کونسل اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیفا صدر جیانی انفینٹینو سے سزا پر نظرثانی کی درخواست کے بعد فیفا کے فیصلوں کے آزادانہ ہونے پر شدید سوالات اٹھائے گئے تھے،
جس کے بعد بیلجیم فٹبال فیڈریشن نے شفافیت اور بیرونی مداخلت کے خدشات پر وضاحت طلب کی تھی۔بیلجیئم ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے معاملات میں فیصلوں کی وجوہات واضح کی جائیں اور متعلقہ رکن تنظیموں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔ فیفا کے مطابق اس کے عدالتی ادارے آزادانہ طور پر فیصلے کرتے ہیں اور آرٹیکل 27 میں ترمیم پر کام پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے۔








